10 مئی ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان کے علاقے اوچ اور سبی کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائن میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کئی گھنٹے بعد دور کرلی گئی، صوبے کے 16 اضلاع کو بجلی فراہمی بحال ہوگئی۔ کیسکو ذرائع کے مطابق اوچ اور سبی کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بلوچستان آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمیشن لائنیں دوپہر 2 بجے ٹریپ کرگئیں۔ ٹرانسمیشن لائنیں بند ہونے سے بلوچستان کے 16 اضلاع کوئٹہ، سبی، بولان، جھل مگسی، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، قلات، خضدار، آواران، واشک، نوشکی، چاغی، ژوب اور ہرنائی کے 42 گرڈ اسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔ تاہم کیسکو کے عملے نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فنی خرابی دور کرکے بجلی کی فراہمی بحال کردی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے مکران میں بارش کے باعث ایران سے مکران آنے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن جو گزشتہ شب بند ہوگئی تھی ،کیسکو کے عملے نے اس ٹرانسمیشن لائن کی فنی خرابی دور کرکے مکران کے چاروں اضلاع میں بجلی کی فراہمی 20 گھنٹے بعد بحال کردی ۔