10 مئی ، 2012
ملاکا… جونیئر ایشیا کپ کے سیمی فائنلز میں شکست کے بعد جنوبی کوریا اور بھارت کے درمیان تیسری پوزیشن کیلئے مقابلہ ہوگا جبکہ جاپان اور چین 5ویں پوزیشن کا میچ کھیلیں گے۔ ملاکا میں کھیلے گئے کلاسیفکیشن میچز میں چین نے ایران کو 2-0 سے شکست دی ، چین کے خلاف ایران نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم ان کے حصے میں 2-0 کی شکست ہی آئی ، زینگ ژی ژوان اور یو ژین نے ایک ایک گول کیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں جاپان نے سری لنکا کو باآسانی 5-1 سے ہرایا، سوگورو ہوشی نے 2 ، ہیتا یوشی ہارا ، ماشیرو ساتو اور یو ہی موری نے ایک ایک گول کیا، سری لنکا کی جانب سے واحد گول ایرانگا ہیندینیا نے کیا۔ دونوں ٹیمیں پانچویں پوزیشن کیلئے آمنے سامنے ہوں گی۔تیسری پوزیشن کے لئے مقابلہ کرنے والے جنوبی کوریا کو پاکستان اور بھارت کو ملائیشیا نے شکست دی تھی۔