02 جون ، 2015
لاہور......وہ شہر تو چھوڑ گیا لیکن اپنی آواز دے گیا۔مشکل گانے روانی سے گانے والے مجیب عالم کی آج گیارہویں برسی منائی جا رہی ہے۔پاکستان فلم انڈسٹری نے سرُ کی دنیا کو بہت سے عظیم گلوکار بخشے ہیں ، مجیب عالم کا شمار بھی ایسے فنکاروں میں ہوتا ہے، جن کے گلے کا نور فضاؤں میں گھُلا ہے۔ مجیب عالم کی 11ویں برسی پرانکی یادیں تازہ کررہےہیں ۔ گیت’’ وہ میرے سامنے تصویر بنے بیٹھے ہیں‘‘۔یہ شاہکار گیت ہے 1967 ءمیں ریلیز ہونے والی فلم چکوری کا ہے ،جس کے گائیک مجیب عالم ہیں۔مجیب عالم 1948 ءکو کان پور میں پیدا ہوئے، تقسیم کے بعد انکا خاندان پاکستان آگیا، مجیب عالم نے 12 سال کی عمر میں فن گلوکاری میں قدم رکھا، ریڈیو کیلئے بھی گایا، لیکن شہرت فلموں میں پلے بیک سنگنگ سےملی۔60 ءکی دہائی فلم انڈسٹری کا وہ دور تھا، جب مہدی حسن اور احمد رشدی کا طوطی بولتا تھا، ایسے میں مجیب عالم نے نا صرف اپنی جگہ بنائی بلکہ ان کا شمار صف اول کے گلوکاروں میں ہونے لگا۔مجیب عالم کے گائے گیت آج بھی فضاء میں گونجتے ہیں تو شائقین دل تھام کے رہ جاتے ہیں ۔