11 مئی ، 2012
بیجنگ … چین میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 24 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے جبکہ 33 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ شمال مغربی صوبے گانسو میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ بارش کے نتیجے میں پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلوں سے 24 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے جبکہ 33 افراد لاپتہ ہیں۔ طوفانی بارش سے 17 قصبے اور دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے متاثرہ علاقے میں ایک گھنٹے کے دوران 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، متاثرہ علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی، گھروں، اسکولوں، اسپتالوں اور 7 ہزار ہیکٹر سے زائد رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔