09 جون ، 2015
کراچی .......کراچی کی عدالت نے ایف آئی اے کو اجازت دے دی ہے کہ ایگزیکٹ سے منسلک انیس کمپنیوں کے 35غیر ملکی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کرلے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی احمد صبا کی عدالت میں ایف آئی اے کرائم اینڈ کارپوریٹ سرکل کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ دوسرے ملکوں میں ایگزیکٹ سے منسلک کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال درکار ہے، یہ کمپنیاں امریکا، برطانیہ، عرب امارات، آئرلینڈ، یونان اور سنگاپور میں قائم ہیں۔ فاضل عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔