09 جون ، 2015
اسلام آباد.......وزیراعظم نواز شریف نے روہنگیا مسلمانوں کےلیے 50 لاکھ ڈالر کے فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے، وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط بھی لکھیں گے۔ وزارت داخلہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے روہنگیا مسلمانوں سے متعلق کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی تمام تجاویز منظور کر لی ہیں۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کو خط میں روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے پیدا ہونے والے انسانی بحران سےمتعلق آگاہ کریں گے، برما میں مسلمانوں پر مظالم کا مسئلہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کابینہ کے سامنے اٹھایا تھا اور انہوں نے روہینگیا مسلمانوں کی مدد کے لیے کمیٹی میں فعال کردار ادا کیا۔