10 جون ، 2015
کراچی..........پانی کو ترسے ہوئے کراچی کیلئے خوشی کی خبر، وزیر اعلیٰ سندھ نے کے فور منصوبے کا افتتاح کردیا،بولے، وفاق نے فنڈنگ کا "وائدہ" پورا نہیں کیا، لہٰذا اللہ کے آسرے پر پروجیکٹ شروع کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہائوس میں کراچی کے لئے پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے 260 ملین گیلن پانی کے منصوبے ’کے 4 ‘کا افتتاح کر دیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کے فور ایک بڑا منصوبہ ہے،اس کی تکمیل کیلئے وفاقی حکومت نے پچاس فیصد فنڈ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر معاملہ زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھا۔ وزیراعظم کراچی آتے ہیں، اُن کی مہربانی ہے، مگر مسائل آنے سے نہیں پیسے لگانے سے حل ہوتے ہیں۔ کے فور کے معاملے پر وزیر بلدیات شرجیل میمن نے بھی وفاق کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بولے، وفاقی حکومت کی ساری توجہ ایک صوبے پر ہے اور وہ پنجاب کے سوا کسی اور صوبے کو ملک کا حصہ ہی نہیں سمجھتی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 25 ارب روپے ہے جو زیادہ بھی ہو سکتا ہے لیکن صوبائی حکومت اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لئے ٹرانسپورٹ کا میگا پروجیکٹ لا رہے ہیں۔