10 جون ، 2015
اسلام آباد............وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہےکہ جارحیت کی دھمکی دینے والے یاد رکھیں پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ،بھارتی قیادت کی زہرآلود زبان حقیقتاً دہشت گردی کی اعانت ہے۔ اسلام آباد میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم اور ان کے وزراء کے بیانات پاک بھارت تعلقات میں زہر گھول رہے ہیں،عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے ۔ خواجہ آصف نے کہاکہ بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث کشیدگی کی صورت حال برصغیر میں بہت بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ وزیر دفاع نے کہاکہ پاکستان آج بھی امن کا خواہشمند ہےاور خطے میں ترقی چاہتاہے ،پاکستانی قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہے،بھارتی قیادت کی زہرآلود زبان حقیقتاً دہشت گردی کی اعانت ہے جس سے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتاہے۔