10 جون ، 2015
واشنگٹن..........امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے سے لاکھوں شہریوں کو پرہجوم بسوں میں اذیت ناک سفر سے نجات مل گئی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو منصوبے کی تیز رفتار، پرآسائش اور ایئرکنڈیشنڈ بسیں خوشگوار منظر پیش کرتی ہیں۔پاکستان دنیا کے تیزرفتاری سے ترقی کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے مگر یہاں عرصے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے ایک موثر نظام کی ضرورت تھی۔ پاکستان کے 18 کروڑ عوام ناقابل انحصار بسوں میں پرخطر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ عوام کو انتہائی بھری پری بسوں اور ویگنوں میں اور بعض اوقات ان گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنا پڑتا ہے مگر اب لاہور اور رالپنڈی کے عوام میٹرو کے ذریعے ایسی سفری سہولتوں سے مستفید ہورہے ہیں جن پر مغربی ممالک کے شہریوں کو بھی رشک آئے۔لاہور اور اسلام آباد میٹرو منصوبوں میں 60 گاڑیاں مخصوص لینوں میں سفر کرتی ہیں جس کی وجہ سے سفر کا دورانیہ خاطر خواہ طور پر کم ہوا ہے اور شہریوں کو بس کے لیے تین منٹ سے زیادہ کا انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ سستے کرائے کی وجہ سے یہ بسیں غریب افراد کی دسترس میں بھی ہیں۔ میٹرو بس سروس غریب اور مڈل کلاس افراد کی زندگیوں میں تبدیلی کا باعث بن رہی ہے۔