11 جون ، 2015
کراچی.........بلدیاتی انتخابات، سیاسی مفاہمت کو نگلنے لگے ، پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے کراچی میں پانی کے بحران کو مصنوعی قرار دیتے ہوئے اس کا ذمے دار متحدہ قومی موومنٹ کو قرار دیدیا۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے بلاول ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کو کے فور کا تحفہ دیا ہے جس کے لیے وزیراعلیٰ سندھ داد کے مستحق ہیں۔پیپلزپارٹی کے اراکین نے پریس کانفرنس تو شہر میں پانی کے مسئلے پر شروع کی لیکن جلد ہی اس میں متحدہ مخالف عنصر غالب آگیا۔ نجمی عالم او ر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون وقار مہدی نے ایم کیوایم پر کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران پیدا کرنے کا الزام عائد کردیا۔وزیراعلیٰ سند ھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے بتایا کہ پیپلزپارٹی ابھی تنظیم نو کے عمل سے گزررہی ہے، بلاول بھٹو جلد پنجاب کا دورہ کرکے بلدیاتی انتخابات سے قبل پیپلزپارٹی کی کھوئی ہوئی مقبولیت واپس لائیں گے۔