12 جون ، 2015
کراچی..........بھارتی دھمکیوں کے خلاف کراچی میں مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔کراچی پریس کلب پر جماعت الدعوۃ کے تحت ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کی، مظاہرے سے دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ اہل سنت والجماعت کے تحت کراچی میں 6 مقامات پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ناگن چورنگی پر احتجاجی مظاہرے کی قیادت سنی علماء کونسل کے مولانا فرید اللہ اور صدر اہل سنت والجماعت کراچی مولانا رب نواز حنفی نے کی۔ مزار قائد کے سامنے بھارت کی دھمکیوں کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ق سندھ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے کی۔ سنی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے بھی بھارتی دھمکیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تمام رہنمائوں نے بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ممکنہ جارحیت کی صورت میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔