13 جون ، 2015
لاہور......پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے گرمی کم ہوئی ہے ۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک ہے۔محکمہ موسمیات نے پنجاب ،بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔پنجاب میں گجرات،سیالکوٹ اور ڈسکہ سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش سے گرمی کا زور کم ہوا ہے۔سندھ میں گرمی کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے،لاڑکانہ ،نواب شاہ ،دادو،سکھر اور جیکب آباد سمیت بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ۔گرم موسم میں مختلف موسمی امراض بھی پھیل رہے ہیں ۔بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی گرمی کا زور کم نہیں ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ کشمیر، گلگت بلتستان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ڈویژن، ہزارہ، کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کی توقع ہے۔