12 مئی ، 2012
الجزائر ... شمالی افریقہ کا ملک الجزائر کی حکمران جماعت نیشنل لبریشن فرنٹ FNLنے پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرلی ہیں۔عرب ممالک میں جاری انقلابی تحریکوں کے بعد الجزائر میں پہلے پارلیمانی انتخابات کے لیے جمعرات کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔الجزائر کے وزیرداخلہ کے مطابق ملک بھر میں ڈالے گئے ووٹوں اور بیرون ملک مقیم الجزائریوں کے موصول ہونے والے ووٹوں کی گنتی کے مطابق ووٹ ڈالنے کی شرح مجموعی طور پر بیالیس اعشاریہ نو فی صد رہی ہے اور یہ دوہزار سات میں منعقدہ انتخابات سے سات فی صد زیادہ ہے۔پارلیمان کی چار سو باسٹھ نشستوں کے لیے صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی جماعت نیشنل لبریشن فرنٹ سمیت چوالیس جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا اور ان میں سے اکیس حال ہی میں قائم کی گئی ہیں۔ نیشنل لبریشن فرنٹ کی تحلیل شدہ اسمبلی میں ایک سو چھتیس نشستیں تھیں اور اس نے وزیراعظم احمد یحیٰی کی جماعت قومی ریلی برائے جمہوریت اور اسلامی جماعت تحریک برائے امن کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائی تھی۔الجزائر میں فوج نے 1992ء کے اوائل میں اسلامی سالویشن فرنٹ کی عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے کے لیے انتخابات کو منسوخ کردیا تھا۔