انٹرٹینمنٹ
15 جون ، 2015

ہالی وڈ فلم ’’کنگ فو پانڈا 3‘‘ کاپہلا ٹریلر جاری

ہالی وڈ فلم ’’کنگ فو پانڈا 3‘‘ کاپہلا ٹریلر جاری

لاس اینجلس.......کنگ فو پانڈا سیریز کی نئی فلم ’’کنگ فو پانڈا 3‘‘کاپہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا، فلم اگلے سال جنوری میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ ہالی وڈ کی ایکشن اور مارشل آرٹ کے داؤ پیچ سے بھرپور کمپیوٹر اینیمیٹیڈتھری ڈی فلم ’’کنگ فو پانڈا 3‘‘کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں کھڑکی توڑ بزنس کرنے والی کنگ فو پانڈا سلسلے کی پہلی فلم 2008ءمیں ریلیز کی گئی جبکہ اس کا سیکوئل2011ءمیں سنیماگھروں کی زینت بنا جس نے فلم بینوں میں دھوم مچا دی، اب اسی کڑی کی تیسری فلم مداحوں کیلئے پیش کی جا رہی ہے۔ ایلزینڈرو کارلونی اور جینیفر یونیلسن کی مشترکہ ہدایتکاری میں بننے والی’’کنگ فو پانڈا 3‘‘ کی کہانی گزشتہ حصوں کی طرح اس بار بھی مارشل آرٹس اور کنگ فو کے ماہر ایک ایسے بہادر پانڈا کے گِرد گھوم رہی ہے جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرتا ہے اورانہیں دھول چٹا دیتا ہے۔ امریکی اور چائنیز سنیما کی مشترکہ کاوش سے بننے والی اس فلم کو ملیسا کوب نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم کے ڈائیلاگ ہالی وڈ اداکارجیک بلیک، اینجلینا جولی، ڈسٹن ہوفمین، لوسی لیؤ، ڈیوڈ کراس، سیٹھ روجن، جیمز ہونگ، ریبل وِلسن اور برائن کرینسٹن کی آوازوں میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ لگ بھگ 140ملین ڈالر لاگت سے مکمل ہونے والی اس اینیمیٹیڈ ایکشن کامیڈی تھری ڈی فلم کو ٹوینٹیتھ سنچری فاکس کے تحت آئندہ برس 29جنوری کو انگریزی اور چینی زبان میں سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :