16 جون ، 2015
نئی دہلی.......سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہاہے کہ نریندر مودی کی بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ہے، وہ پاکستان کو دبانے کی پالیسی پر گامزن ہیں، پاکستان میانمار نہیں،بھارت کی جرأت نہیں کہ یہاں گھس سکے۔بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہا کہ نریندر مودی انتہا پسند آر ایس ایس کے نمائندہ ہیں جس نے سمجھوتا ایکسپریس میں 70پاکستانیوں کو جلایا، مودی پاکستان سے دوستانہ تعلقات نہیں بلکہ اپنے آگے جھکانا چاہتےہیں۔ جوہری ہتھیاروں کی دھمکی پر مشرف نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور ہتھیار نمائش کےلیے نہیں، جب خود بھارتی وزیراعظم اور وزراء پاکستان کےخلاف جارحانہ رویہ رکھیں تو ایسا ہی جواب ملے گا۔ پرویز مشرف نے کہاکہ بھارت کا افغانستان کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں بنتا، نہ دونوں ملکوں کی سرحد ملتی ہے نہ کوئی مذہبی و ثقافتی رشتہ ہے، افغانستان میں بھارت نے پراکسی وار شروع کی۔