12 مئی ، 2012
لندن … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں توہین عدالت کا کوئی قانون نہیں، یہ صرف اْن پر آزمایا جارہا ہے، امریکا نے ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی سے متعلق کوئی قابل کارروائی ثبوت نہیں دیا، حافظ سعید کی گرفتاری کیلئے ثبوت ناکافی ہیں وہ عدالت سے چھوٹ جائیں گے۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں اْن کا کہنا تھاکہ حافظ سعید کی گرفتاری کیلئے ثبوت ناکافی ہیں، انہیں گرفتار کیا تو عدالتیں ناکافی ثبوت پر رہا کردیں گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ القاعدہ رہنما ایمن الزواہری پاکستان میں نہیں ہیں، امریکا نے اْن کی پاکستان میں موجودگی سے متعلق کوئی قابلِ کارروائی ثبوت پیش نہیں کیا، اگر ایمن الظواہری کی موجودگی سے متعلق ثبوت ہیں تو ہمیں دیئے جائیں، سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان قریبی رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں تحریک انصاف کو باآسانی شکست دے گی۔ لندن میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی اخلاقی یا مالی جرم نہیں کیا، یہ آئین کی تشریح کا معاملہ ہے، وہ ہرقیمت پر آئین کی حفاطت کریں گے، انہیں گھر بھیجنے والے سن لیں وہ قانونی تقاضے پورے کریں گے، عدلیہ بحالی کی تحریک چلانے والے اپنے حق میں فیصلہ لینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ توہین عدالت کے کیس ترتیب سے لگائے جائیں، ملک میں توہین عدالت کا کوئی قانون نہیں، یہ صرف مجھ پر آزمایا جارہا ہے۔