21 جون ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے گال ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ گال ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم کا فتح حاصل کرکے برتری حاصل کرنا انتہائی خوش آئند ہے اور یہ برتری پاکستانی ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں کی انتھک محنت اور لگن کا نتیجہ ہے ، پاکستان ٹیم نےشاندار کامیابی حاصل کرکے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے جس پر کپتان سمیت ایک ایک کھلاڑی زبردست خراج تحسین اور مبارکباد کا مستحق ہے ۔ الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ ٹیم اسی طرح محنت اور لگن کے ساتھ کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھے گی اوردنیائے کرکٹ میں فتوحات حاصل کرکے قوم کو تحفے دیتی رہے گی ۔ دریں اثنا الطاف حسین نے حیدری مارکیٹ کراچی میں خواتین کے پرس بیچنے والے نوجوان عبد المالک کو امریکہ میں منعقدہ ’’مسلز‘‘کے مقابلے میں 75کلو گرام کیٹگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے،انھوں نے کہاکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے غریب ومتوسط طبقےکے باصلاحیت نوجوان نے اپنی مدد آپ کے تحت چیمئن شپ ٹرافی میں حصہ لینے کے بعد کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے ۔عبد المالک نے جس طرح سے محنت اور مشقت کرکے کامیابی حاصل کی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور انہیں حکومتی سرپرستی فراہم کی جائے تو نوجوان دنیا بھر میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرکے نت نئے ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عبد المالک کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے اور انکے ٹیلنٹ کو ملک و قوم کے مفاد میں استعمال کیاجائے ۔الطا ف حسین نے عبد المالک کی کامیابی پر ملک بھر کے عوام ، ان کے والدین اور اہل خانہ کو بھی دلی مبارکباد پیش کی۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی علالت پر گہری تشویش کااظہا رکیا ہے اور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے حق پرست مائوں، بہنوں، بزرگوں ، نوجوانوں ، کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عبد الستار ایدھی کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کریں ۔