پاکستان
22 جون ، 2015

کراچی میں منگل سے جمعرات کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان

کراچی میں منگل سے جمعرات کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان

کراچی.......محکمہ موسمیات نے موسم کا مزاج تبدیل ہونے کی خبردی ہے ۔مون سون کا سسٹم شمالی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے۔کل سے کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔،بہت دیر کی مہربان آتے آتے۔جو بات سننے کو کان ترس رہے تھے،محکمہ موسمیات نے وہ خبر سنا دی۔بارش برسانے والے جن بادلوں کا کراچی اور ملک کے کئی شہروں میں رہنے والے شدت سے انتظارکر رہے تھے،وہ بادل مون سون کا سسٹم لے کر شمالی علاقوں میں داخل ہو چکے ہیں ۔بوندوں سے بھرے یہ بادل ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش برسائیں گے۔ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل سے جمعرات کے دوران کہیں کہیں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ آج سے ساحلی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹے گا اورشہریوں کو سکھ کا سانس لینے کا موقع ملے گاجبکہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کراچی کا درجہ حرارت 30 ڈگری سنٹی گریڈ سے کم ہونے کا امکان ہے۔منگل سے سورج کی تپش میں بھی کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ڈی جی محکمہ موسمیات نے یہ اطلاع بھی دی ہے کہ کل سے مون سون کی ہوائیں سندھ میں داخل ہونا شروع ہوجائیں گی اور گرم ہواوں کو قابو کر کے گرمی کی شدت میں کمی لائیں گی۔ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں آج سے جمعے تک کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ رمضان المبارک میں وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

مزید خبریں :