پاکستان
22 جون ، 2015

کے الیکٹرک کی نجکاری کے معاہدے میں سنگین غلطیاں کی گئیں:عابد شیر

کے الیکٹرک کی نجکاری کے معاہدے میں سنگین غلطیاں کی گئیں:عابد شیر

اسلام آباد........وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو ٹیک اوور کرنا پڑا تو کریں گے، اس کی نجکاری کے معاہدے میں سنگین غلطیاں کی گئی ہیں، اسی لیے تجدید نہیں کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کاکہناتھاکہ کے الیکٹرک کی نجکاری کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں اور آصف زرداری نے اسے جاری رکھا، موجودہ حکومت نے کے الیکٹرک معاہدے کی تجدید نہیں کی،یہ غیر قانونی ہو چکا ہے۔عابد شیر علی نے کہا کہ برطانیہ کی ٹھنڈی ہواؤں میں بیٹھے الطاف حسین کراچی کے عوام کا دکھ درد بھلا کیا جانیں۔وزیر مملکت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے کے تقریبا ً پونے پانچ سو فیڈرز پر 80 فیصد سے زائد جبکہ خیبر پختونخوا کے ساڑھے چار سو فیڈرز پر 80 سے 90 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں لوڈ منیجمنٹ کی ذمہ داری وزیر اعلیٰ نے لے لی تھی۔ انہوں نے اپنے علاقے کے فیڈر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دلا رکھا ہے۔ وزیر مملکت پانی و بجلی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار ساڑھے 16 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بجلی چوری والے فیڈرز کے علاوہ ملک بھر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی۔

مزید خبریں :