24 جون ، 2015
لندن ......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نےو فاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے بحران کے پیش نظر کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر سندھ کے تحفظات دورکرنے کیلئے چاروں صوبوں کے ماہرین کااجلاس بلایاجائے۔ ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اجلاس سے خطاب میں الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں بجلی کے بحران،گیس کی کمی اور پانی کی عدم دستیابی نے قیامت برپاکررکھی ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو قصوروار ٹھہرا رہی ہیں جوافسوسناک ہے۔الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاوٴ کیلئے قائم سینٹرز میں پانی کی بوتلیں، او آر ایس ، ضروری ادویات کی فراہمی اور سردخانوں کی تعمیر میں کردارادا کریں۔