پاکستان
25 جون ، 2015

کراچی میں اموات نے ثابت کر دیاکہ سندھ میں کوئی حکومت نہیں، عمران

کراچی میں اموات نے ثابت کر دیاکہ سندھ میں کوئی حکومت نہیں، عمران

کراچی.......عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں سیکڑوں ہلاکتوں نے ثابت کردیا کہ سندھ میں کوئی حکومت نہیں، ایم کیو ایم نے بی بی سی کیخلاف مقدمہ نہ کیا تواس کا مطلب ہوگا شہر میں سب کچھ ’’را‘‘ کے کہنے پر ہوتا ہے۔ کپتان خان کراچی آئے تو حسب روایت ایک محاذ کھولنے پر اکتفا نہیں کیا۔ عمران اسماعیل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کی تو پہلے ہدف بنایا سندھ حکومت کو، بولے سندھ واحد صوبہ ہے جہاں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، کراچی میں پانی ہے، نہ بجلی، شدید گرمی میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوچکیں مگر شاہی خاندان اپنی ذمے داریاں نبھانے کے بجائے دبئی جاکر بیٹھ گیا۔ اس کے بعد نمبر آیا سابق صدر آصف زرداری اور موجودہ وزیراعظم نواز شریف کا، باری باری حکومت میں آنے اور مال بنانے کا الزام لگاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اچھی ایڈمنسٹریشن کے بغیر ادارے اور مقامی حکومتوں کے بغیر گورننس ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ آخر میں کپتان خان کی باؤنسرز کا رُخ ہوا متحدہ قومی موومنٹ کی طرف، اپنے مخصوص اندازمیں کہا۔ بی بی سی کی رپورٹ میں ایم کیوایم پر لگائے گئے الزامات انتہائی سنگین ہیں،یہ غداری کا معاملہ ہے، حکومت کو اس کا فوری ایکشن لینا چاہئے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اگر ایم کیو ایم نے بی بی سی کے خلاف مقدمہ نہ کیا تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ کراچی میں انتشار ’’را‘‘ کے کہنے پر ہوتا ہے۔

مزید خبریں :