پاکستان
25 جون ، 2015

کراچی میں گرمی میں کمی، ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کی اموات جاری

کراچی میں گرمی میں کمی، ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کی اموات جاری

کراچی.......کراچی میں گرمی تو کم ہونے لگی لیکن ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے حکام کے مطابق گزشتہ 6دنوں میں مرنے والوں کی تعداد اب تک1050 ہوچکی ہے۔ کراچی میں سمندری ہوا چلتے ہی گرمی کی حدت کم ہوگئی مگر اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کی ہلاکتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔ گزشتہ رات سے اب تک سول اسپتال میں 8، جناح اسپتال میں 18،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں 13 ،آغا خان اسپتال میں 20 ،پٹیل اسپتال میں4 اور انڈس اسپتال میں ایک مریض دم توڑ گیا۔ گزشتہ چھ دنوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1050ہوگئی ہے۔ ترجمان جناح اسپتال ڈاکٹر جاوید جمالی کے مطابق سب سے زیادہ افراد جناح اسپتال لائے گئے جہاں اب تک 329افراد انتقال کرچکے ہیں،کے ایم سی کے اسپتالوں میں 213 اور سول اسپتال میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 124ہے۔ سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں 23،لیاقت نیشنل اسپتال میں 72،انڈس اسپتال میں 41کورنگی اسپتال میں 14 اور سندھ گورنمنٹ اسپتال لیا قت آباد میں 6افراد ،اوجھا اسپتال میں 19 ،قطر اسپتال میں 32 پٹیل اسپتال میں 30 اورضیاالدین اسپتال کے تینوں کیمپس میں 6دنوں میں60افرادہلاک ہوئے ہیں۔ مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنےکے لیے سرکاری اسپتالوں سمیت دیگر مقامات پرپاک فوج ،رینجرز پولیس اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے امدادی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں مریضوں کو پانی اور دیگر اشیاء فراہم کی جاری ہیں۔

مزید خبریں :