پاکستان
25 جون ، 2015

بی بی سی رپورٹ میں بیان کردہ حقائق انتہائی اہم اور حساس ہیں، نثار

بی بی سی رپورٹ میں بیان کردہ حقائق انتہائی اہم اور حساس ہیں، نثار

اسلام آباد.......وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ میں بیان کیے گئے حقائق انتہائی اہم ا ور حساس ہیں ، ان تک رسائی کے لیےبرطانوی حکومت کو باضابطہ خط کل لکھا جائے گا، ان حقائق کو ایم کیو ایم سے منسوب نہ کیا جائے،اس میں بہت محب وطن سیاست دان بھی ہیں۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر پر زور دیا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ کے حقائق کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچا کر حکومت پاکستان کو بھی باخبر رکھا جائے، ان حقائق تک رسائی کے لیے آخری حد تک جائیں گے کیوں کہ یہ پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے اہم ہیں،ان حقائق تک رسائی کے بعد دروازے کھلتے جائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بی بی سی نے اطلاعات کےلیےکسی سرکاری عہدے دار سے رابطہ نہیں کیا ،سال 2012ء سے برطانوی حکومت کے پاس معلومات ہونے کا نکتہ متعلقہ اداروں کے سامنے اٹھائیں گے، ہمیں کچھ ماہ پہلے اطلاعات ملی تھیں جس پر برطانوی حکومت سے رابطہ کیاتھا، فی الحال تحقیقات نہیں کر رہے، دیکھیں گے کہ حقائق درست ہیں یا غلط ،ایگزیکٹ کیس میں ٹھوس معلومات تھیں۔انہوں نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ نے بھارت سے متعلق پاکستان کے اندیشوں کو تقویت دی ہے۔چوہدری نثار نے زور دیا کہ برطانوی عدالتی نظام کا ایک شفاف ریکارڈ ہے جب کہ بی بی سی کی ساکھ ڈھکی چھپی نہیں تاہم میڈیا اور دیگر حلقے اس معاملے کو ایم کیو ایم ،اس کے ووٹرز یا سپورٹرز کے ساتھ منسوب نہ کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم اس ہفتے کے آخر یا اگلے ہفتے کے شروع میں پاکستان آئے گی،عمران فاروق اس دھرتی کا بیٹا تھا، اس کیس کو تعاون کے حوالےسے مثال بنانا چاہتے ہیں ،کوئی وٹہ سٹہ نہیں کر رہے۔

مزید خبریں :