25 جون ، 2015
اسلام آباد......وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ میاں نواز شریف نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ ایک طرف بھارتی قیادت ٹیلے فون کرکے پر امن تعلقات کے قیام کی یقین دہانی کراتی ہے اور دوسری جانب پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقات میں بی بی سی کی رپورٹ پر تفصیلی مشاورت کی گئی جس میں بھارت کے ایم کیو ایم کو مالی امداد دینے اور دہشت گردی کی تربیت دینے کے حقائق بیان کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ بی بی سی کی رپورٹ پر ٹھوس ثبوت حاصل کر کے نہ صرف معاملہ بھارت سے اٹھایا جائے گا، بلکہ پاکستان متعلقہ عالمی فورمز سے بھی رجوع کرے گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ابھی یہ دیکھا جائے گا کہ بھارت بی بی سی کی رپورٹ پر کیا رد عمل ظاہر کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ انہیں اس معاملے میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔