25 جون ، 2015
اسلام آباد........وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حج قرعہ اندازی مکمل ہوچکی جس کے تحت 68ہزار ایک سو عازمین حج ادا کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان میں قائم مقام سعودی سفیر کہتے ہیں کہ کبھی بھی عمرہ ویزہ بند نہیں کیا اور نہ ہی کبھی حج و عمرہ کی ویزہ فیس وصول کی۔ اسلام آباد میں رمضان پیکج کی تقسیم کے موقع پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام سعودی سفیر شیخ جاسم الخالدی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے کبھی پاکستان کے لیے عمرہ ویزہ بند نہیں کیا، گذشتہ دنوں پاکستان کے ٹور آپریٹرز نے عمرہ زائرین سے من مانی رقم وصول کے لیے خودساختہ بحران پیدا کیا تھا۔ جاسم الخالدی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے پاکستانی سفارتخانے کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے جیو نیوز کو بتایا کہ رواں برس حج کا پچاس فیصد کوٹہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو دیا گیا ہے۔سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت عمرہ ویزہ پرائیویٹ ٹورآپریٹرز کو دیتا ہے اور اٹھارہویں ترمیم کے بعد ٹورآپریٹر صوبائی حکومتوں کے تحت ہوگئے ہیں۔