25 جون ، 2015
کراچی.......نائن زیرو پر چھاپے کے دوران قتل ہونے والے وقاص شاہ کے کیس کا ملزم آصف علی شہداد پور سے گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم آصف علی 11مارچ کو بیوی کے ساتھ نائن زیرو پہنچا تھا، جہاں اس نے رینجرز اہلکاروں کو اشتعال دلانے کیلئے نعرے بازی کی، اسی دوران ملزم نے وقاص شاہ کوفائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بعد ازاں ملزم نےنجی ٹی وی چینلز پر اپنی، پستول نکالتے وقت کی ویڈیو دیکھی، اس پر ملزم نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار اور خالد مقبول سےرابطہ کیا۔ ان رہنماؤں نے ملزم کو نائن زیرو پہنچنےکی ہدایت کی اور اس کےدفاع میں پریس کانفرنس کاوعدہ کیا۔ تاہم نائن زیرو پہنچنے پر نہ تو رابطہ کمیٹی نے ملزم سے ملاقات کی اور نہ ہی پریس کانفرنس کی۔ ملزم دلبراشتہ ہوکر چلا گیا اورگرفتاری سے بچنے کے لیے داڑھی رکھ لی تھی۔ رینجرز نے اسے شہداد پور سے حراست میں لے لیا۔