13 مئی ، 2012
ملا کا … جونیئر ایشیا کپ میں بھارت نے برانز میڈل حاصل کرلیا، تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی کوریا کی ٹیم شکست کے بعد چوتھے نمبر پر رہی۔ جاپان نے پانچویں، چین نے چھٹی، ایران ساتویں اور سری لنکا کی ٹیم 8 ویں پوزیشن پر رہی۔ ملائیشیا کے شہر ملاکا میں کھیلے جانے والے جونیئر ایشیا کپ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں آکاش دیپ سنگھ نے اضافی وقت میں گولڈن گول کے ذریعے بھارت کو جنوبی کوریا کے خلاف فتح دلائی۔ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان برانز میڈل کے لئے میچ مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا، جنوبی کوریا کے یوو سیونگ جی نے 47 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول اسکور کیا تاہم 7 منٹ بعد ہی بھارت کے لوکیش تھمانا نے فیلڈ گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم میچ کو فیصلہ کن نہ بناسکی اور کھیل اضافی وقت پر چلا گیا۔ اضافی وقت میں بھارت کے کپتان آکاش دیپ سنگھ نے شاندار گولڈن گول کے ذریعے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کراکے برانز میڈل کا حقدار بنادیا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں جاپان نے چین کو 3-1 سے ہرا کر پانچویں پوزیشن جبکہ ایران نے سری لنکا کو ہرا کر 7 ویں پوزیشن حاصل کی۔