29 جون ، 2015
کراچی .......کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 1160 تک جاپہنچی ہے۔مختلف اسپتالوں میں گزشتہ رات سے اب تک مزید دس افراد دم توڑ گئے۔کراچی میں جاری گرمی کے باعث شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ مریضوں کا رش پچھلے ہفتے کے مقابلے میں کم ہونے کے باوجود گزشتہ رات سے اب تک 10 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ذرائع محکمہ صحت کےمطابق جناح اسپتال میں365 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ سول میں 148، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں یہ تعداد 232، لیاقت نیشنل میں 73، انڈس اسپتال میں 41 کورنگی اسپتال میں 14 اور سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں 6 افراد، اوجھا اسپتال میں 19 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ قطر اسپتال میں 32 ،، پٹیل اسپتال میں 30 اورضیاالدین اسپتال میں 60 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ میمن میڈیکل انسٹیوٹ اسپتال میں 23، پٹیل اسپتال میں 40،قومی ادارہ برائےامراض قلب میں41 ہلاکتیں ہوچکی ہیں ۔ماہرین طب کا کہنا ہے کہ موجودہ موسم میں احتیاطی تدابیر ا ختیار کرنے سے ہیٹ اسٹروک سے باآسانی بچا جا سکتا ہے۔