پاکستان
02 جولائی ، 2015

وزیراعظم نواز شریف ستمبر میں امریکا کا اہم دورہ کریں گے

وزیراعظم نواز شریف ستمبر میں امریکا کا اہم دورہ کریں گے

اسلام آباد.......وزیراعظم نوازشریف ستمبر میں امریکاکااہم دورہ کرکے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کریں گے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہدایت کی ہےکہ امن،سیکورٹی اور ترقی کیلئے پاکستان کی آوازاقوام متحدہ میں سنائی دینی چاہیے۔ وزیراعظم نوازشریف سےاقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پرائم منسٹرہائوس میں ملاقات کی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر میں ہونے والے اجلاس اور دیگر اہم کانفرنسزسےمتعلق بریف کیا، اس موقع پر مشیرسلامتی سرتاج عزیز اور معاون خصوصی امورخارجہ طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ذرائع کا کہناہےکہ پاکستان میں مبینہ بھارتی مداخلت اور اس معاملے کو عالمی فورم پر اٹھا نے سے متعلق امورکابھی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان سب سے زیادہ فوجی دستے رکھنے والا ملک ہے، پاکستان کے کردار کو مزید موثر بنایا جائے، امن،سیکورٹی اور ترقی کیلئے پاکستان کی آوازاقوام متحدہ میں سنائی دینی چاہیے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مجوزہ دورہ امریکہ کو حتمی شکل دیتے ہوئےفیصلہ کیاگیاکہ وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔

مزید خبریں :