02 جولائی ، 2015
اسلام آباد........تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے نجم سیٹھی پر 35پنکچر کے الزام پر معذرت کر لی۔ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ عارف علوی نے غلط کیا، نعیم الحق کہتے ہیں 35 پنکچر کی بات سیاسی تو ہے، لیکن اس میں حقیقت بھی ہے۔ نجم سیٹھی پر 35 پنکچر لگانے کا غلط الزام عائد کرنے پر ان سے معافی مانگنی چاہیے یا نہیں، اس معاملے پر تحریک انصاف بٹی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس الزام کے بارے میں تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، 35 پنکچر کے الزام کو نعرہ بنا دینے والے عمران خان کا اب یہ مؤقف ہے کہ یہ بات ان تک 3زاویوں سے ہوتی ہوئی آئی تھی اور یہ تو ایک سیاسی بیان تھا، ان کے اس بیان کے بعد رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے مناسب سمجھا کہ اس الزام پر معذرت کر لی جائے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’ 35 پنکچر کے الزام سے متعلق کئی افواہیں تھیں جن پر میں یقین کر بیٹھا‘‘۔ عارف علوی کے اس بیان پر سینئر رہنما نعیم الحق خاموش نہ رہ سکے،جواب میں لکھا کہ بات سیاسی ضرور ہوسکتی ہے، پر غلط نہیں،نجم سیٹھی سے معذرت کی کوئی ضرورت نہیں۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی اس تکرار کی کہانی باہر نکلی اور سینئر پارٹی رہنما جہانگیر ترین سے جب صحافیوں نے عارف علوی کی معذرت سے متعلق پوچھا تو وہ کچھ حیران نظر آئے،پھر اپنے آپ کو سنبھالا اور صاف کہہ دیا کہ عارف علوی نے غلط کیا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ 35پنکچر سے متعلق بات صحیحتھی،معافی کیوں مانگیں۔ دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں جب سینئر تجزیہ کاروں کے سامنے یہ سوال رکھا گیا کہ الزام غلط ثابت ہونے پر کیا عمران خان کو نجم سیٹھی سے معافی مانگ لینی چاہیے تو سلیم صافی، بابر ستار، مظہر عباس، سہیل وڑائچ اور حسن نثار سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عمران خان کو نجم سیٹھی سے معانی مانگ لینی چاہیے۔