02 جولائی ، 2015
گوجرانوالہ ......گوجرانوالہ میں حادثے کا شکار ہونے والی مسافر ٹرین کے متاثرین اور امدادی اہل کاروں نے متاثرہ مقام پر ہی روزہ افطار کیا، اندھیرا ہوجانے کے باوجود امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ مغرب کی اذان کی آواز پر وزیرآباد میں حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے مسافروں اور امدادی کاموں کے لیے وہاں موجود فوجیوں،پولیس اہلکاروں اور ریسکیو ورکرزنےحادثے کے مقام پر ہی روزہ افطار کیا۔ متاثرین کے لیے افطار کا اہتمام سماجی تنظیموں، مخیر حضرات اور فوج نے کیا تھا۔ جس کو جہاں جگہ ملی اور جو کچھ میسر آیا اس نے خدا کا شکر بجا لاتے ہوئے روزہ افطار کیا۔ افطار کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی جس کے بعد امدادی کاموں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا۔ اندھیرے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم متاثرہ مقام پر سرچ لائٹیں لگا کر کام کیا جارہا ہے۔رات ہونے کے باوجود وزیرآباد میں ٹرین حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔