03 جولائی ، 2015
میرپور، آزاد کشمیر.....میر پورآزاد کشمیر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں سے دور مزدوری کیلئے آنےوالے جہاں سحری اور افطاری کے اوقات میں اہل خانہ کو یاد کرتے ہیں،وہیں مہنگائی اور مجبوریوں کو شکوہ بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ آزاد کشمیر کےضلع میرپور میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے لوگ مزدوری کی غرض سے آتے ہیں، رمضان المبارک کے مہینے میں شہر کے بیشتر ہوٹل بند کر دیئے جاتے ہیں ایسے میں یہ مزدور سحری اور افطاری کے اوقات میں جہاں اپنے اہل خانہ اور گھر کی افطاری کو یاد کرتے ہیں، وہیں مہنگائی اور معیاری کھانے کی تلاش میں بھی رہتے ہیں۔ایک مزدور کا کہنا ہے کہ ملتان سے یہاں مزدوری کرنے آیا ہوں مگر سحری و افطاری کرتے ہوئے گھر کی سحری و افطاری بہت یاد آتی ہے۔ مزدوروں کاکہنا ہے کہ ایک وقت کے کھانے پر 120سے لیکر 150روپے تک خرچ ہو جاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان کے مہینے میں مہنگائی کوکنٹرول کرنے کے لئے مناسب اقدامات کرے تاکہ گھروں سے دور رہنے والے مزدور بھی سستے اور اچھے سحر و افطار کا لطف اٹھا سکیں۔