03 جولائی ، 2015
لاہور.......قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہےکہ عمران خان جیسے قومی رہنما کا 35 پنکچروں کے الزام کو اب سیاسی بات کہنا عجیب ہے، ان پر آرٹکل 62 63 لاگو ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو میں کیا۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم کی رہنمائی کرنے والے لیڈر کو سنجیدہ الزامات کو محض سیاسی بیان قرار نہیں دینا چاہیے، سچ نہ بولنے والے رہنما پر آئین کی شق 62 ،63 کا نفاذ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کے ایوان میں واپس آنے پر تنخواہیں روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو عوام کا پیسہ واپس کردینا چاہیے۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان پر کیچڑ اچھالا وہ قیامت کے روز ان کا گریبان پکڑیں گے۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جو لوگ گائیڈ کر رہے ہیں وہی ان کی بربادی کا سبب بنیں گے۔