03 جولائی ، 2015
کراچی......پیپلزپارٹی پنجاب کی نائب صدر فردوس عاشق اعوان پارٹی عہدے سے مستعفی ہوگئیں، انہوں نے اس حوالے سے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی نااہلی کی سزا پوری پیپلزپارٹی کو نہیں ملنی چاہئے، پارٹی کو گندے انڈوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا۔ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پیپلز پارٹی پنجاب کی نائب صدارت سے استعفیٰ دینے کے بعد پریس کانفرنس میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں لاوارث ہے اسے مسلم لیگ ن کی بی ٹیم کہا جا رہا ہے، اس وقت ایسے مسیحا کی ضرورت ہے جو ن لیگ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جیالوں کو ان کے ظلم سے نجات دلائے، پیپلز پارٹی جس مقام پر کھڑی ہے اس کا علاج گولیوں سے نہیں بلکہ سرجری سے ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری تمام مسائل سے آگاہ ہیں، وہ پارٹی کو اس حالت میں دیکھ کر خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت میں طرز حکمرانی کو مثال بنا سکتی تھی لیکن سندھ حکومت میں اتنی capacity نہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پیپلز پارٹی میں چند افراد کے ٹولے اور نظریاتی کارکنوں کو علیحدہ کرنا ہو گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے تحفظات ہو سکتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔