پاکستان
08 جولائی ، 2015

2013ء میں شروع ہونیوالے کراچی آپریشن کی کارکردگی رپورٹ

2013ء میں شروع ہونیوالے کراچی آپریشن کی کارکردگی رپورٹ

کراچی........کراچی میں 5ستمبر 2013 کو شروع ہونے والے آپریشن کی اب تک کی کارکردگی رپورٹ رینجرز نے جاری کردی ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ آپریشنز سے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور بینک ڈکیتیاں نہایت کم ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اب تک پانچ ہزار 795 آپریشنز کیے جاچکے ہیں جن میں 10 ہزار سے زائد افراد کی گرفتار یاں کی گئیں، گرفتار کیے جانے والوں میں سے 4950 افراد کو پولیس کے حوالے بھی کیاگیا۔ اعداد و شمار کے مطابق 5ستمبر 2013 سے اب تک رینجرز کی جانب سے 5 ہزار 795 آپریشنز کیے گئے، جن میں 10 ہزار 353 گرفتاریاں کی گئیں، گرفتارہونے والے 4950 افراد کو تحقیقات کے بعد سندھ پولیس کے حوالے بھی کیا گیا۔ حکام کے مطابق آپریشنز کے دوران 7 ہزار 312 ہتھیار اور تین لاکھ 48 ہزار سے زائد مختلف بورز کی گولیاں بھی برآمد کی گئیں ۔ ترجمان رینجرز بتاتے ہیں کہ کراچی آپریشن میں 5 ستمبر 2013 سے اب تک 224 مقابلے ہوچکے ہیں جن میں 364 جرائم پیشہ ہلاک اور 213 زخمی حالت میں گرفتار کیےگئے ،کارروائیوں کے دوران اب تک 826دہشتگرد گرفتار کیے گئے، 334 ٹارگٹ کلرز کو کراچی آپریشن کے دوران گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ 296 بھتہ خوروں کوبھی قانون کی گرفت میں لیا جاچکا ہے۔ اغوا برائے تاوان کے مقدمات میں اب تک 82 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 49 مغویوں کو بھی برآمد کیا جاچکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی آپریشن جب شروع ہوا تو 2013 میں اغوا برائے تاوان کے 174، 2014 میں 115 اور 2015 میں 13 واقعات رپورٹ ہوئے ، بھتہ خوری کے واقعات 2013 میں 1524، 2014 میں 899 اور اس سال 249 رہے، بینک ڈکیتیاں 2013 میں 29، 2014 میں 19 اور 2015 میں 2 ہوئیں، جبکہ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کے بعد ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بھی نہایت کمی ہوئی ہے۔شہری مجموعی طور پر کراچی آپریشن کے بعد امن و امان کی صورتحال سے مطمئن نظر آتے ہیں تاہم بعض شہری رینجرز کی کارکردگی پر سوال بھی اٹھارہے ہیں۔

مزید خبریں :