14 مئی ، 2012
اسلام آباد…قومی مالیاتی ایوارڈ کے اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان خدمات پر سیلز ٹیکس کا معاملہ جزوی طور پر حل ہوگیاہے کے تحت طے پایاہے کہ60 ارب روپے کے اس ٹیکس کا 80 فیصد حصہ صوبوں میں تقسیم کردیا جائے گا جبکہ 20 فی صد مسئلہ طے ہونے کے بعد تقسیم ہوگا۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر خزانہ خیبر پختون خوا ہمایوں خان نے شرکت کی جبکہ وزیر خزانہ بلوچستان میر عاصم کرد گھیلو، وزیر خزانہ کا قلم دان رکھنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف شریک نہیں ہوئے۔ اجلاس میں رواں مالی سال جولائی سے دسمبر تک قومی مالیاتی ایوارڈ کے حسابات کی رپورٹ طے کرکے پارلے منٹ کو بھیج دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق6 مہینوں کے دوران 840 ارب روپے قومی آمدنی میں آئے جس میں صوبوں کو 458 ارب روپے جاری کیے گئے۔ پنجاب کو 237، سندھ 112 اور خیبر پختون خوا کو 75 ارب روپے دیئے گئے۔ بلوچستان کو اس کے حصے سے 5 ارب روپے زیادہ دیئے گئے اور 41 کی بجائے 46 ارب 70 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی۔