پاکستان
16 جولائی ، 2015

بھارت اور پاکستان نےآپس مین سفارتی ویزے جاری کرنے بند کردیے

 بھارت اور پاکستان نےآپس مین سفارتی ویزے جاری کرنے بند کردیے

کراچی.... رفیق مانگٹ....... بھارتی اخبار”انڈیاٹوڈے“ کے مطابق بھارت اور پاکستان نے ایک دوسرے کو سفارتی ویزے جاری کرنے بند کردیے۔حکومتی ذرائع کے مطابق سفارتی ویزوں کے اجراءکو روکنے کا عمل گزشتہ ماہ اس وقت شروع ہوا جب پاکستان نے دو بھارتی یوگا انسٹرکٹر کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کی جوابی کارروائی میں بھارت نے ایک پاکستانی سفارتکار پرآئی ایس آئی کے عہدیدار ہونے کا شبہ ظاہر کرکے ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا۔ نتیجے کے طور پرپاکستان نے اب ایک بھارتی دفاعی اتاشی اور دیگر سفارتی اہلکاروں سمیت کئی بھارتی حکام کو ویزے جاری کرنے بند کر دیے ہیں۔اور دونوں ممالک کے درمیان جیسے کو تیسا کی کہاوت کی طرح کا عمل جاری ہے۔ بھارتی اخبار” ٹائمز آف انڈیا “ لکھتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی نے روس میںوزرائے اعظم نواز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات کے بعد ایک مختصر پگھلتی برف کو مزید ٹھنڈا کردیاہے لیکن دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان طے اجلاس کو ناکام بنا ئے جانے کا امکان نہیں۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ ہم سرحد پر امن اور سکون کے لئے اقدامات کرنے میں مصروف عمل رہتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کی طرف سے گرائے جانے والے ڈرون سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔انڈیا ٹوڈے لکھتا ہے کہ ایک دن قبل انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے بھارتی حکومت کو ایک انتباہ جاری کیا گیا کہ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) پر حملے ہوں گے اس وارننگ کا بہانہ بنا کر بھارتی حکومت نے پاکستان کو آڑے ہاتھوں لینے کے لئے کثیر جہتی منصوبہ بنایا۔

مزید خبریں :