پاکستان
16 جولائی ، 2015

خدمت خلق فائونڈیشن سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے ، فاروق ستار

خدمت خلق فائونڈیشن سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے ، فاروق ستار

کراچی ......رکن قومی اسمبلی اور خدمت خلق فائونڈیشن کے ٹرسٹی ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ خدمت خلق فائونڈیشن پاکستان میںفلاحی انسانیت کے لئے کوشاںسب سے بڑاادارہ ہے جس کادائرہ کارپاکستان کے طویل وعرض میںپھیلاہواہے ،رمضان المبارک کے سالانہ امدادی پروگرام کی روایت زندہ ہے تو الطاف حسین کی وجہ سے ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے زکوٰۃ کی وصولی کیلئے غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے ، ہماری زکوٰۃ کی پرچیوںکو اس طرح سے ڈھونڈا جارہا ہے جیسے بھتہ کی پرچیاں ڈھونڈی جاتی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کی شام جناح گرائونڈ عزیز آباد میں خدمت خلق فائوندیشن کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ امدادی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امدادی پروگرام سے خدمت خلق فائونڈیشن کے ٹرسٹی ارشد وہرہ اور رئوف صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔ امدادی پروگرام کروڑوں مالیت پر مشتمل سلائی مشینیں ، پنکھے ، راشن کے تھیلے ، سائیکلیں ، وہیل چیئرز اور ٹھیلے غرباء ، مساکین ، یتیموں ، بیوائوں ،معذوروں اور مستحقین میں تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین نے اپنی معاشی بصیر ت کے ذریعے پاکستان کے ہر شہری کے لینے والے ہاتھ کو دینے والا ہاتھ بنانے کیلئے معاشی خود مختاری کی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ اور اس کے لاکھوں کارکنان کے ساتھ ساتھ ہم خدمت خلق فائونڈیشن اور اس کے رضاکاروں کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے ۔ انھوں نے کہا کہ صورتحال کے باعث رابطہ کمیٹی نے طے کرلیا تھا کہ امدادی پروگرام نہیں ہوسکتا ، ہم نے لندن لکھ کر بھجوا دیا تھا اور جیسے ہی ہم نے یہ فیصلہ کیا الطاف حسین ٹیلی فون لائن پر آئے اور انہوں نے کہاکہ ہمت مرداں مدد خدا اور ہم سب کو غیرت دلائی اور کہاکہ یہ تمہاری عظیم روایت ہے اور اسے ختم کرو گے تو آگے کچھ نہیں بچے گا لہٰذ ا غرباء کو کم تعداد میں ہی بلایا جائے لیکن امدادی پروگرام کو ختم کرنے کی روایت نہ ڈالی جائے ۔کے کے ایف کے ٹرسٹی رئوف صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب ، قحط سالی اور حادثات میں خدمت خلق فائونڈیشن کے رضاکار سب سے پہلے پہنچتے ہیں اور سب سے بعد میں آتے ہیں۔ٹرسٹی ارشد وہرہ نےکہاکہ ایم کیوایم بلاتفریق انسانی خدمت کے سبب ہی آج ملک بھر میں پھیل چکی ہے۔دریں اثنا خدمت خلق فائونڈیشن کے زیر اہتمام جناح گرائونڈ میں سالانہ امدادی پروگرام منعقد ہوا جس میں ہزاروں غرباء ، مساکین ، یتیموں اور مستحقین میں کروڑوں روپے مالیت پر مشتمل امدادی سامان اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں ۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، قمرمنصور ، عامر خان ، عارف خان ایڈووکیٹ ، وسیم اختر ، عبد الحسیب ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، سینیٹرز ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجو د تھے ۔

مزید خبریں :