پاکستان
21 جولائی ، 2015

سیلا ب سے ہونے والی تباہی پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار افسوس

کراچی.......متحدہ قومی ومومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے چترال سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اورسیلابی ریلے کے باعث جانی و مالی نقصانات اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورا فسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چترال سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے اور ایسے حالات میں مصیبت زدہ لوگوں امداد کرنا نہ صرف پاکستان کے متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے بلکہ عوام کا فرض ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سیلابی ریلے اور شدید بارشوں کے باعث متعدد گائوں زیر آب آگئے ہیں اورلوگ کھلے آسمان تلے مدد کے منتظر ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چترال سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے سے بچائو کیلئے حکومتی سطح پر پیشگی انتظامات نہیں کئے گئے جس کے باعث جانی و مالی نقصانات میں اضافہ ہوا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیا کہ چترال سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں سیلابی ریلے سے مزید جانی ومالی نقصانات سے بچائو کیلئے فی الفورڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل سمیت متعلقہ اداروں کو فعال کیاجائے ، سیلابی ریلے کی تباہ کاریوں کو مزید پھیلنے سے روکاجائے اور سیلابی ریلے کا بہائو کم کرنے کیلئے پانی گزرنے کیلئے متبادل راستے نکالے جائیں ۔رابطہ کمیٹی نے سیلابی ریلے کے باعث جاں بحق ہونیو الی خاتون اور بچی کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کے الیکٹر ک کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہر بھر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرتاجارہا ہے ، شہری عید سے دو دن پہلے سے پانی کی قلت کا سامنا کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کیبل فالٹ پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔آئے دن لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور کیبل فالٹ مسلسل ہورہے ہیں جس کے باعث پانی کی سپلائی NEKپمپنگ اسٹیشن پر نہیں ہوپارہی ہے ۔ شہر میں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے پانی کا بحران سنگین ہورہا ہے اور لیکن عوام کو جھوٹے وعدے اور دعوے کرکے سب ٹھیک ہے کا راگ الاپا جارہاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ میں بجلی کے واجبات کا تنازعہ موجود ہے اور صوبائی اور وفاقی حکومت مداخلت کرکے یہ مسئلہ کرائے تاکہ کراچی کے شہری سکون کا سانس لے سکے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے اور کے الیکٹرک اور اس کی انتظامیہ سے سختی کے ساتھ باز پرس کی جائے۔دریں اثنا ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے سینٹرل پنجاب زون ضلع لاہور کے کارکن چوہدری عارف عمران کمبوہ ، لاڑکانہ زون کے انچارج آفتاب علی سومرو کے والد فتح محمد سومرو ،اپر پنجاب زون ضلع فیصل آبا دکے جنرل سیکریٹری منور حفیظ کے بھائی انور حفیظ ، فیڈرل بی ایریا سیکٹر یونٹ 150کے کارکن اختر سمیع کی والدہ، پختون آرگنائزنگ کمیٹی کراچی لانڈھی ٹائون کے انور شہباز کے بھائی عبد الرشید اور محمود آباد سیکٹر یوسی 2کے انچارج ارشد مغل کی ہمشیرہ عائشہ بی بی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیا ہے۔

مزید خبریں :