پاکستان
02 اگست ، 2015

الطاف حسین نے ملک کے خلاف تمام حدیں پار کر لیں، وزیر داخلہ

الطاف حسین نے ملک کے خلاف تمام حدیں پار کر لیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد.......حکومت نے الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم محب وطن جماعت ہے لیکن الطاف حسین نے گزشتہ رات اپنی تقریر میں ملک کے خلاف تمام حدیں پار کرلیں۔ اسلام آباد میں نیو زکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر میں ریاست کے خلاف جنگ اور اسکی خودمختاری کے خلاف بات کی، ان کی تقریر کا جائزہ لے رہے ہیں، معاملہ برطانیہ کے سامنے اٹھائیں گے، اس بارے میں ایک ریفرنس تیار کرنا شروع کردیا ہے ، برطانیہ سے عمران فاروق قتل کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیرد اخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک محب وطن جماعت ہے، ساری جماعت کو بھی الطاف حسین کے فیصلوں کا علم نہیں ہوتا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ الطاف حسین کو اصل غصہ برطانیہ میں چلنے والے عمران فاروق قتل کیس اور منی لانڈرنگ کیس کا ہے، جس پر برطانوی پولیس تفتیش کررہی ہے، جس کی ملکہ کی وفاداری کا حلف انہوں نے اٹھا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقدمات کی تفتیش کا اپنا نظام ہے ۔وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں تین بار آرمی چیف سے کراچی میں جاری آپریشن کے باعث اس وقت کے ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر کی تعیناتی میں توسیع حاصل کی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں ، اس آپریشن کے باعث صرف گزشتہ ماہ جولائی کے اعداد وشمار کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 50فیصد، بھتہ خوری میں 87فیصد اور اغوا برائے تاوان میں 100فیصد کمی آئی جبکہ بینک ڈکیتی کی صرف ایک واردات ہوئی۔

مزید خبریں :