02 اگست ، 2015
رحیم یار خان.......سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ لیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں اب تک سڑسٹھ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ فیلڈ اسپتالوں میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیہ اور اس سے متصل علاقوں میں سیلاب میں پھنسے پندرہ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ سیلاب متاثرین میں کھانے کے پیکٹس بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ آرمی میڈیکل کیمپ میں اب تک 3 ہزارسے زائدمریضوں کا علاج کیا گیا ہے،پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے صادق آباد اور رحیم یار خان سے باون ہزار افراد اور ایک لاکھ ایک ہزار مویشی محفوظ مقام پرمنتقل کیے، جبکہ چچراں شریف کے مقام پر قائم آرمی میڈیکل کیمپ میں 4 ہزارسے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ پاک بحریہ کا آپریشن مدد بھی جاری ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں سے ایک ہزارنوسوساٹھ افراد کو محفوظ مقام پرمنتقل کیا گیا جبکہ خیر پور کے سیلاب متاثرین کے لیے خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے۔