پاکستان
02 اگست ، 2015

پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے تباہی

پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے تباہی

اسلام آباد.......ملک میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچادی ہے، مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں دو روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچارکھی ہے، کرک میں مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں 11 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ہنگو میں بارشوں سے کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے۔ کوہاٹ میں میں دو روز سے کبھی ہلکی تو کبھی تیز بازش ہورہی ہے، کوہاٹ میانوالی روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تحصیل شکر درہ کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ۔بنوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نوشہرہ ، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش ہورہی ہے۔ پنجاب میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔میانوالی میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 147 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ڈیرہ غازی خان میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ وہاڑی میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے ،جبکہ میاں چنوں میں باپ بیٹی چھت کے ملبے تلے دب کرموت کے منہ میں چلے گئے۔ سرگودھا، گوجرانوالہ، بھکر، کمالیہ، میانوالی اور چیچہ وطنی سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

مزید خبریں :