03 اگست ، 2015
کراچی.....ساری عمر مختلف سرکاری اداروں میں انتھک محنت سے کام کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے والے معمر سرکاری ملازمین کیلئے ریٹائرمنٹ کے بعد پینشن کا حصول انتہائی مشکل بن گیا ہے۔ کراچی میں پینشنرز کئی کئی گھنٹے بینکوں کے سامنے طویل قطار میں منتظر نظروں کے ساتھ کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔منصور خان کے لئے بغیر سہارے کے کھڑے ہونا ممکن نہیں، عمر پچاسی برس ہے، پینتالیس برس تک نوکری کی اور اب پینشن کے لئے بینک آنا اور انتظار کرنا ان کے لئے ایک تکلیف دہ مرحلہ ہے۔رات تین بجے سے قطار میں بیٹھے معمر افراد کیلئے نہ بیٹھنے کو کرسی ہے اور نہ پینے کو پانی۔ انہیں ضرورت ہے تو صرف عزت اور احترام کی۔کسی نہ کسی سہارے بینک تک پہنچنے والوں میں جسمانی معذور افراد بھی شامل ہیں جو شاید الفاظ تو ادا نہ کرسکیں لیکن ان کے چہرے کی لکیریں ان کے دل کا حال ضرور بیان کرتی ہیں۔