03 اگست ، 2015
اسلام آباد ...... وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ موجودہ آرمی چیف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے، ایسا ممکن نہیں کہ چند افسر مل کر آرمی چیف کو بدل دیں،فوج کیخلاف بات کرنا آرمی اور ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔نادرا کےآن لائن درخواست فارم سسٹم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے آخری دور میں نادرا خسارے میں تھا،ہمارے دور میں نادراکو 5 ارب روپے کا فائدہ ہوا،میری خواہش ہے کہ یہ ادارہ شفاف ہو،شناختی کارڈ بنوانے آنے والا ہر شہری وی آئی پی ہونا چاہیے، ادارے کےسامنے لمبی لمبی قطاریں نہ ہوں۔چوہدری نثار کا مزید کہناتھا کہ اس وقت ملک کو معاشی اورسیکیورٹی کے مسائل ہیں،ہم حالت جنگ میں ہیں ،ہمیں پاکستان فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ،پاکستانی فوج واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی۔وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ منظم پاکستانی فوج ہماری فائٹنگ فورس ہے،یہ ممکن ہی نہیں کہ چند افسر مل کر آرمی چیف کو تبدیل کردیں۔ان کا کہناتھا کہ پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے کو بائیو میٹرک کرانا ہوگا،جعلی شناختی کارڈکی روک تھام کیلئے اقدامات کیے ہیں،رواں سال کے 6 مہینوں میں 60 ہزار شناختی کارڈ بلاک کیے گئے،نادرا ٹریکنگ سسٹم کی سہولت شروع کررہا ہے۔