03 اگست ، 2015
کراچی.......سندھ، پنجاب اور آزاد کشمیر کی اسمبلیوں میں الطاف حسین کی تقریر کے خلاف قراردادیں جمع کرادی گئی ہیں۔ متحدہ قومی مومنٹ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے ساتھ وزیرخزانہ اور پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر نے الطاف حسین کےخلاف احتجاجی قرار داد بھی جمع کرا دی ہے اور آزادکشمیر حکومت میں شامل ایم کیو ایم کے دو وزراء محمد سلیم بٹ اور پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر کو الطاف حسین سے لاتعلقی کے اعلان کے لئے بہتر گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں الطاف حسین کی تقریر کے خلاف قرارداد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے جمع کرائی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین باقاعدگی سے ریاست ِ پاکستان، پاک فوج اور دوسرے ریاستی اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں، الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کیا جائے اورانہیں انٹر پول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے۔ الطاف حسین کی تقریرکےخلاف سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں بھی قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔ قرارداد تحریک انصاف کے رکنِ اسمبلی ثمرعلی خان نے جمع کرائی ۔