04 اگست ، 2015
کراچی.........پاکستان میں ستراور اسی کی دہائیوں میں فن گائیکی اپنے عروج پر تھا اور نئے گلوکاروں کیلئے جگہ بنانا آسان نہ تھا ۔گلوکار اخلاق احمد اسی دور میں آئے اور اپنے خوبصورت گیتوں سے خود کو منوالیا۔اس میٹھے سریلے گلوکار کی آج 17 ویں برسی ہے۔1946ء میں دہلی میں آنکھ کھولنے والے اخلاق احمد کا بچپن ، لڑکپن کراچی میں گزرا۔جوانی میں قدم رکھا تو گائیکی کا شوق،جنون بن کرفن میں ڈھل چکا تھا۔ گائیکی کے میدان اترے تو مہدی حسن ، احمد رشدی اور مسعود رانا جیسے گلوکاروں کی حکمرانی تھی جوگیت گایا دل وجان سے گایا۔73ء سے 98 تک پھیلے کیریئرمیں 117 گیت گائے ، نگار ایوارڈ سمیت کئی اعزازات پائے۔ اخلاق احمدنے زندگی کے آخری 10سال بلڈکینسر سے لڑتے گزاردئیے ، مگر گائیکی سے محبت آخری سانس تک نبھائی ۔4 ،اگست 1998 کو اخلاق احمد لندن کے ایک اسپتال میں دنیا سے منہ موڑ گئے مگر فضا ؤں میں بکھری میٹھی سریلی تانیں انہیں ہمیشہ زندہ رکھیں گی ۔