08 اگست ، 2015
لاہور......پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاک، بھارت کرکٹ سیریز ہونی چاہئے،کھیل اور سیاست الگ، الگ چیزیں ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے ملک کے کرکٹرز کو فائدہ ہوگا۔مصباح الحق نے ان خیالات کا اظہار لاہو ر میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سےگفتگو میںکیا، اُن کا کہنا تھا کہ پاک، بھارت کرکٹ سیریز کو بہت فالو کیا جاتا ہے،جب پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں تو کرکٹ سیریز بھی ہونی چاہئے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے قومی کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، نوجوان کھلاڑی تجربہ حاصل کریں گے جبکہ مالی طور پر بھی یہ ایونٹ مفید رہے گا۔