17 مئی ، 2012
کراچی… کراچی میں ایڈیشنل سیشن جج نے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اور رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے ایڈیشنل سیشن جج عبدالرزاق نے لیاری میں نوجوان کے ماورائے عدالت قتل پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت اس سے قبل قانون کے مطابق مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے سے متعلق احکامات دے چکی تھی تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بجائے مدعی کا 154 کا بیان ریکارڈ کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس پر عدالت نے حکم دیا کہ مدعی مقدمہ کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے اور لوگوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عدالت نے ایس ایچ او چاکیواڑہ کو مقدمہ درج کرکے عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا۔ اپریل کے مہینے میں ثاقب خان عرف سخی اللہ کو مبینہ پولیس مقابلے میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے مارے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ مدعی کے وکیل کے مطابق پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں سخی اللہ کو لگنے والی پہلی گولی اور دوسری گولی کے درمیان دو گھنٹے سے زائد کا فرق ہے بتایا گیا ۔