17 مئی ، 2012
سرگودھا … سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اسکول ٹیچر تشدد کیس میں ملوث پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ اور اسکے 6 ساتھیوں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج میاں انور نذیر نے مقدمے کی سماعت شروع کی تو اسلم مڈھیانہ کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ انہیں ابھی تک مقدمے کے چالان کی کاپیاں ہی فراہم نہیں کی گئی۔ عدالت نے مقدمے کے چالان کی کاپیاں فوری فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت دو گھنٹے کے لئے ملتوی کردی۔ مقدمے کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عدالت نے نئی میڈیکل رپورٹ کے تحت اسلم مڈھیانہ اور اسکے 6 ساتھیوں پر فرد جرم عائد اور مقدمہ کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے مقدمے کے تمام گواہان کو بیانات قلم بند کرانے کے لئے کل طلب کرلیا ہے۔