23 اگست ، 2015
پشاور.......پشاور کو خوبصورت بنانے اور اس کی تزئین و آرائش کے پہلے ہی مرحلے میں مصنوعی پودے چرالیے گئے۔ ڈرل مشین سے کیاری میں سوراخ کر کے پودے لگانے کا نظارہ شائدہی آپ نے کبھی دیکھا ہو، یہ مناظر ہیں پھولوں کا شہر کہلانے والے پشاور کے جہاں گزشتہ کئی دنوں سے اسی طرح پودے اگائے جارہے ہیں، جو لگانے کے بعد کچھ ہی دنوں میں چوری ہوجاتے ہیں۔یہ مصنوعی پودے پشاور کے داخلی راستے جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں۔ شہر کی تزین و آرائش کے لئے رواں سال ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس میں جی ٹی روڈ اورجمرود روڈ کی دونوں جانب گرین بیلٹس کی تعمیر اور شجر کاری شامل تھی۔ شہر کی تعمیر و ترقی کا ادارہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی موجود ہے لیکن جی ٹی روڈ کے دو کلو میٹر حصے پر گرین بیلٹ لگانے کا ٹھیکہ تقریباً 2 کروڑ روپے میں دوسروں کو دیا گیا۔ماہرین ماحولیات کے مطابق پودے ماحول کو تر و تازہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن خطیر رقم سے لگائے گئے یہ مصنوعی پودے بھلے ہی دیکھنے میں اچھے لگتے ہوں لیکن ماحول کی بہتری میں سود مند ثابت نہیں ہوسکتے ۔